عوام دوست، شفاف اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ عدالتی نظام اصلاحاتی ترجیحات میں شامل ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

عوام دوست، شفاف اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ عدالتی نظام اصلاحاتی ترجیحات میں شامل ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ عدلیہ کا اصلاحاتی ایجنڈا ایسا نظام انصاف تشکیل دینا ہے جو عوام دوست، شفاف، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اور موثر ہو تاکہ عوام کو بروقت اور آسان انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور عدلیہ پر عوامی اعتماد مزید مستحکم ہو۔انہوں نے یہ بات پیر کے روز سپریم کورٹ آف پاکستان میں حکومت پاکستان کے ’’یوتھ کی اڑان‘‘ پروگرام کے تحت ’’اڑان اوورسیز پاکستانیز سمر سکالرز پروگرام 2026‘‘ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس پروگرام کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کو پاکستان کے آئینی اداروں، نظام حکمرانی، قومی پالیسی سازی اور ترقیاتی ترجیحات سے آگاہ کرنا ہے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وفد کو پاکستان کے عدالتی نظام کے ڈھانچے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی عدلیہ انصاف کی فراہمی کا بنیادی ستون ہے اور عوام کی بڑی تعداد کو براہ راست انصاف فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے نیشنل جوڈیشل (پالیسی میکنگ) کمیٹی (این جے پی ایم سی) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ فورم ملک بھر میں عدالتی اصلاحات اور انصاف کے شعبے میں ادارہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دے رہا ہے۔

چیف جسٹس نے عدلیہ کے جاری اصلاحاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ڈیجیٹل کورٹ سروسز، نیشنل جوڈیشل اینالیٹکس ڈیش بورڈ، پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر، اوورسیز لٹیگنٹس فیسیلیٹیشن سیل، ہیلپ لائن 1818 اور دیگر سہولیات کے ذریعے عدالتی خدمات کو زیادہ موثر، شفاف اور عوام دوست بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ جینڈر ریسپانسیو جسٹس انیشی ایٹو (2026-27) کے ذریعے خواتین اور دیگر کمزور طبقات کو انصاف تک مساوی رسائی فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے جبکہ ایکسیس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے عدالتی انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل رابطوں، قابل تجدید توانائی اور عدالتی استعداد کار میں بہتری کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

بعدازاں چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے اوورسیز پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ سوال و جواب کی نشست میں بھی شرکت کی جس میں آئینی حکمرانی، عدالتی اصلاحات اور پاکستان کے نظام انصاف کے مستقبل سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔