اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اپنی دینی ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کورونا وائرس سے بچائو کے لئے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس ایس او پیز کو گزشتہ سال مساجد میں موثر انداز میں نافذ کیا گیا تھا، اس بار بھی مساجد کو دینی فرائض کی ادائیگی کے لئیکھول دیا جائے گا اور ایس او پیز کے مکمل نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا، عوام کو چاہیے کہ پچھلے سال کی طرح اب بھی رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران مساجد میں ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے روزے کے دوران کورونا ویکسین لگوائی جا سکتی ہے، روزے کے دوران ویکسین لینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا کیونکہ دوا معدہ یا پیٹ میں داخل نہیں ہوتی اور علمائے کرام کا بھی اس بات پر اتفاق ہے کہ روزے کے دوران ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اور دوسرے رشتہ داروں کے تحفظ کے لئے ویکسین ضرور لگوائیں، کورونا ویکسین کیخلاف پروپیگنڈا سراسر غلط ہیاور جو لوگ اس طرح کی رائے دے رہے ہیں ہیں وہ انسانیت دوست نہیں ہو سکتے۔