اسلام آباد ۔11 اگست (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ(ن)لائرز فورم کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری عبدالخالق تھہند نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا عوام سے رابطہ ان کا بنیادی حق ہے ۔پاکستان بھر کے وکلاءمیں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مایوسی پھیلی ہے ۔وکلاءبرادری عدلیہ ،آئین و قانون اور جمہوریت کا تحفظ کرے گی۔جمعہ کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عبدالخالق تھہند نے کہا کہ نواز شریف کا عوام سے رابطہ عدالت کی توہین نہیں، ان کا بنیادی حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں عدالتی فیصلوں بارے عوام کو بتایا اور ان کو مسترد بھی کیا جاتا ہے ۔چوہدری عبدالخالق تھہند نے کہا کہ پارلیمنٹ کے پاس ایسے فیصلوں کو زیر بحث لانے کا آئینی اختیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ احتساب قوانین کو احتساب کے حوالے کر دیا گیا ، بہتر ہوتا کہ یہ معاملہ بھی الیکشن کمشین کے سپرد کیا جاتا ۔چوہدری عبدالخالق تھہند نے کہا کہ وکلاءعدلیہ ،آئین وقانون اور جمہوریت کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔