اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ الیکشن 2018 میں عوام سے کئے تمام وعدے پورے کر رہے ہیں، عوام نے ماضی میں ملک کی بنیادیں کرپشن کے ذریعے کھوکھلی کرنے والوں کو ہمیشہ کے لئے مسترد کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یونین کونسل سوہان میں پنڈوڑیاں کے مقام پر ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے یونین کونسل میں سڑکوں، گلیوں اور سیوریج کے حوالے سے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے جلسے میں شرکت کی۔ اس موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تاریخ میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام شروع ہیں، ہرشعبے میں نمایاں بہتری لا رہے ہیں۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ الیکشن 2018ءمیں عوام سے کئے تمام وعدے پورے کر رہے ہیں ،عوام نے ماضی میں ملک کی بنیادیں کرپشن کے ذریعے کھوکھلی کرنے والوں کو ہمیشہ کے لئے مسترد کر دیا ہے۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ عوام کو ملک سے وفاداری کرنے والوں اور غداروں کی پہچان ہو کی ہے۔ عوام نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان اور معاون خصوصی علی نواز اعوان کے حق میں نعرے لگائے اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے بڑی تعداد میں عوام کا جلسے میں شرکت اور مثالی استقبال پر ان کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سوہان ملک عامر، وائس چیئرمین سہیل ستی، رابطہ کمیٹی کنوینر ریجن جمشید مغل، رابطہ کمیٹی ریجن سیکرٹری شیراز کیانی اور دیگر قیادت نے شرکت کی۔