
اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے ہر صورت میں پورے کیے جائیں گے، کلر سیداں سے دھان گلی تک روڈ کی توسیع اور ری پیئرنگ کلرسیداں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا، اس منصوبے کے لیے 260 ملین کا اضافی فنڈ جاری کروا دیا ہے تاکہ جاری منصوبے کی جلد تکمیل ممکن ہو سکے۔
جمعہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کی تکمیل سے کلرسیداں سے کشمیر تک کی عوام مستفید ہونگے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہو گا اور سفری مشکلات میں آسانیاں پیدا ہونگی۔
انہوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو عوام کی دہلیز پر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا خرم پرویز راجہ اور شاہ رخ راجہ عوامی مسائل کے حل کے لیے عوام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد اور بروقت تکمیل ان کی اولین ترجیح ہے۔حلقے کی عوام نے جس جذبے کے ساتھ انہیں عزت بخشی ہے وہ بھی اسی جذبے اور ولولے کے ساتھ عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو معاشی مسائل ورثے میں ملے ہیں، ان تمام مسائل کے باوجود بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ گوجر خان میں ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم شعبوں میں عوام الناس کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔