اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام عمران خان کے جھوٹ ، سازش اور تماشے جان چکے ہیں ، فوج اس کی نہیں ہوتی جو اس کے خلاف غلیظ مہم چلائے، عوام اس کے نہیں ہوتے جو ملک کے خلاف سازش کرے۔
منگل کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام یقیناً عمران خان کے جھوٹ، سازش اور تماشے جان چکے ہیں ، اِس لئے وہ باہر نہیں نکلیں گے،عمران خان گرفتار ہوئے تو فارن فنڈنگ ، توشہ خانہ چوری اور اپنی بیٹی کو ظاہر نہ کرنے کے جرم میں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف جتنے کیسز ہیں اُن سب میں وہ مجرم ہیں۔
عمران خان ذہنی مریض ہیں، ان کا ذہن شیطان کا گھر ہے جو ہر وقت سازش کے لئے تیار رہتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ فوج اُس کی نہیں ہوتی جو فوج کے شہیدوں کے خلاف غلیظ مہم چلاتا ہے ،عوام اُس کے نہیں ہوتے جو ملک کے خلاف سازش کرتا ہے اور عوام کو بھوکا اور بے روزگار کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جب عمران خان پر حملہ ہوا تو پنجاب میں ان کی اپنی حکومت اور ان کا اپنا وزیراعلیٰ تھا جس نے ایف آئی آرنہیں کاٹی۔ عمران خان قاتلانہ حملے کے الزامات نہیں عدالت میں ثبوت پیش کریں۔