اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ عوام نے لاہور میں گیارہ سیاسی جماعتوں کے اتحاد کو مسترد کردیا، حزب اختلاف کی 11 سیاسی جماعتوں کا نام نہاد اتحاد اپنے ذاتی مفاد کی سیاست کر رہا ہے اور عوام ان سے بخوبی واقف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ایجنڈے کو سختی سے مسترد کردیا، عوام جانتے ہیں کہ حزب اختلاف حکومت سے قومی مصالحتی آرڈیننس (این آر او) حاصل کرنے کے لئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم مسترد لوگوں کا ایک گروپ ہے، یہ لوگ اقتدار کے بھوکے ہیں اور حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن یہ کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی بھرپور کاوشوں کی وجہ سے قومی صنعتوں کا پہیہ چل رہا ہے ، قومی معیشت میں بہتری آرہی ہے ، مہنگائی میں کمی آرہی ہے، برآمدات میں اضافہ اور پاکستانی کرنسی مضبوط ہورہی ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ کوویڈ۔19 وبائی مرض کے باوجود ہر شعبہ بہتر طور کام کر رہا ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔