عوام نے پی ٹی آئی حکومت کو بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب اور لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لانے کا مینڈیٹ دیا ہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

42

اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کو بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب اور لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لانے کا مینڈیٹ دیا ہے، وزیراعظم عمران خان احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کی جماعتیں عوام میں اپنی مقبولیت کھو چکی ہیں، دونوں جماعتیں اپنی سیاسی ساکھ بچانے اور ووٹرز کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم عوام دوبارہ ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نواز شریف اور ان صاحبزادی مریم نواز بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں ملوث رہے ہیں، عوام چاہتی ہے کہ ان کے خلاف کیسز منطقی انجام تک پہنچیں، لوٹ مار کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں اور لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیب سمیت جوڈیشل اور پولیس ریفارمز ہونی چاہیے، اپوزیشن جماعتوں کو عوامی اور ملکی مفادات کے معاملات پر حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے شہروں کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوام کو سہولیات دینے کیلئے کوئی کام نہیں کئے، کراچی کے حالات سب کے سامنے ہیں اس کے باوجود صوبے صوبائی فنانشل ایوارڈز کرنے کیلئے تیار نہیں، جب تک صوبوں سے فنڈز اضلاع کو نہیں ملیں گے تب تک گراس روٹ لیول پر ترقی ممکن نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کو جب تک وزیراعظم عمران خان کا اعتماد حاصل ہے وہ وزیراعلی پنجاب برقرار رہیں گے۔