اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ اگر عوام نے کورونا ایس او پیز کو سنجیدگی سے نہ لیا تو ملک میں خطرناک حد تک وبا کے پھیلنے کا خدشہ ہے، حکومت کورونا کی دوسری لہر کے دوران بھی اسمارٹ لاک ڈائون پالیسی جاری رکھے گی تاکہ عام آدمی پر اضافی دبائو نہ پڑے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ اسد عمر نے کہا کہ پوری دنیا میں وائرس سے ہلاکتوں کی شرح بڑھ رہی ہے، پاکستان میں بھی روزبروز کیسز بڑھ رہے ہیں جو کہ الارمنگ صورتحال ہے اور آنے والے ہفتوں میں یہ مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے کورونا وائرس صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں تاہم ملک سے موثر انداز سے وبا کے خاتمے کیلئے ہر ایک کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران لوگوں تک آگاہی پہنچانے کیلئے میڈیا کے کردار کو سراہا، امید ہے کہ میڈیا آئندہ بھی اس حوالے سے اپنا کردار جاری رکھے گا۔