عوام پریشان نہ ہوں ملک بہتری کی طرف گامزن ہے، حالات جلد بہتر ہونگے،وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر

140

لاہور۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ 2018 میں ایک لاڈلے کو ملک پر مسلط کردیا گیا ،عوام پریشان نہ ہوں ملک بہتری کی طرف گامزن ہے، حالات جلد بہتر ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گوجرانوالہ ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ثابت ہوا ہے کیونکہ یہاں کے عوام محمد نواز شریف سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 2018 سے پہلے جب محمد نواز شریف کا دور حکومت تھا تو ملک میں آٹا،چینی،گھی سمیت ضروریات زندگی کی ہر چیز سستی تھی اور ملک تیزی سے ترقی کا سفر طے کررہا تھا،پھر لاڈلے عمران خان کو مسلط کردیا گیا اور ملک بحرانوں کا شکار ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں آئی ایم ایف سے ریکارڈ قرضے لئے جس سے ملک کمزور ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ آج ملک مشکل حالات سے گزررہا ہے اور مسلم لیگ (ن) اس کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوششیں کر رہی ہے ، ہمیں یقین ہے کہ ملک میں جلد دوبارہ خوشحالی کا سفر شروع ہوگا ،عوام سکھ کا سانس لیں گے۔