عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں ، نگران وزیراعلی بلوچستان

105
نگران وزیراعلی بلوچستان

کوئٹہ۔ 11 ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہاہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فوری طور پر فعال کر کے چینی، یوریا اور دیگر اشیا ئے ضروریہ کی سمگلنگ اور زخیرہ اندوزی کے خلاف نتیجہ خیز کاروائی کی جائے اور اشیاءخوردوش میں ملاوٹ کے مرتکب عناصر سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے ۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعلی نے کہا کہ عوامی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کو لائن آف ایکشن دے دی گئی ہے اور بلوچستان میں گرانفروشوں، ملاوٹ و زخیرہ اندوزی اور اشیا خوردو نوش کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر فوری عملدرآمد کا آغاز ہوگا ۔

انہوں نے سیکرٹریز ، کمشنرز ڈپٹی کمشنرز اور فوڈ اتھارٹی کو عوام کو بلا تاخیرریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ نگران وزیراعلیٰ نے پولیس کو ضلعی سطح پر کارروائیوں کے لئے فوڈ اتھارٹی ٹیموں کو مناسب سکیورٹی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ سے پاک معیاری خوراک کا حصول عوام کا حق اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ،زخیرہ اندوز ،گرانفروش اورملاوٹ کے مرتکب عناصر معاشرے کا ناسور ہیں جن سے معاشرے کو پاک کرنے کے لئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ متعلقہ محکمے، ادارے اورانتظامیہ عوام کے حقوق و مفادات کا تحفظ یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں اس کے ذمہ دارو ں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے مفادات کے تحفظ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائےگی ،افسران اور عملہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔