اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے عام انتخابات 2024ءکے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں بڑی تعداد میں عوام کا ووٹ ڈالنا ہماری جمہوریت کی مضبوطی کا ثبوت ہے، پاکستان بھر سے عوام نے بڑی تعداد میں انتخابی عمل میں حصہ لیا اور جمہوریت سے اپنی وابستگی، قومی ذمہ داری اور اپنے ووٹ کی طاقت پر یقین کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو عام انتخابات 2024ءکے کامیاب انعقاد پر نگران حکومت کی طرف سے پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج قوم نے ہمارے جمہوری سفر میں ایک اور تاریخ رقم کی ہے، پاکستان بھر سے عوام نے بڑی تعداد میں انتخابی عمل میں حصہ لیا اور جمہوریت سے اپنی وابستگی، اپنی قومی ذمہ داری اور ووٹ کی طاقت پر یقین کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا نہ صرف ہماری جمہوریت کی مضبوطی کا ثبوت ہے بلکہ یہ ہماری ملکی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا پرامن انعقاد تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، میں ان تمام لوگوں کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے اس جمہوری مشق میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی میڈیا، مبصرین، مقامی میڈیا اور فیلڈ میں موجود صحافیوں کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی موجودگی اور کوریج عالمی سطح پر ہمارے انتخابی عمل کی سالمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے شفافیت اور اعتبار کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتخابی عمل کے دوران محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے میں غیر متزلزل عزم اور تندہی سے کام کیا، ان کی لگن نے اس بات کو یقینی بنایا کہ پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے اور کسی بڑے اندوہناک واقعہ کے بغیر انجام پایا جس سے ہر شہری کو امن اور سلامتی کے ساتھ اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع ملا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مثالی طرز عمل اور انتخابی عمل کے انتظام پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے اور آزادانہ، منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی انتھک کوششیں اور لگن قابل تعریف ہیں۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے پیشہ ورانہ مہارت اور دیانتداری ہمارے انتخابی عمل میں عوام کے اعتماد کو تقویت دینے میں اہمیت کی حامل رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک اہم سنگ میل حاصل کرنے کے اس لمحہ میں آیئے ان لوگوں کے لئے دعا کیلئے ہاتھ اٹھائیں جو آج دہشت گردی کے واقعات کا شکار ہوئے، اللہ پاک مرحومین کی ارواح کو ابدی سکون عطا فرمائے اور قوم متحد ہو کر ان کی لازوال قربانیوں سے ثمربارہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ آیئے ہم سب اپنے جمہوری اداروں کی حمایت اور استحکام جاری رکھنے کا عہد کریں۔ ہم مل کر مستقبل کی نسلوں کے لئے ایک مضبوط، زیادہ خوشحال اور جمہوری پاکستان بنائیں گے۔
C