عوام کوعوام پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے کئی مضر بیماریوں پر قابو پا سکتے ہیں،کامران بنگش

58
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش

پشاور۔19دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ایک اور وعدہ وفا کرتے ہوئے گلبہار پارک، اعجاز آباد پارک اور امین کالونی پشاور میں ہفتہ کے روز تین فلٹریشن پلانٹس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر کامران خان بنگش نے کہا کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی سے کئی مضر بیماریوں پر قابو پا سکتے ہیں جس سے نہ صرف انسانی زندگی کو بچایا جا سکتا ہے بلکہ صحت کی مد میں ہونے والے اخراجات میں بھی کمی آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب کی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے بہترین خدمات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بہت جلد کارپوریٹ سیکٹر کی واٹر اینڈ سینیٹیشن خدمات کی توسیع پورے شہر میں پھیلائیں گے جبکہ غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ مل کر مختلف یونین کونسلز میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے غیر سرکاری تنظیم مسلم ہینڈز کے تعاون سے تکمیل شدہ واٹر فلٹریشن منصوبے کے متعلق کہا کہ صوبائی حکومت نے مواصلات، انرجی، انڈسٹریز، امن و امان، زراعت، تعلیم سمیت پانی کی صاف فراہمی، نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر تبدیلی کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ اس ضمن میں مسلم ہینڈز کے جاری منصوبے قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے مسلم ہینڈز خیبر پختونخوا میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔پی کے 77 سے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی و معاون اعلیٰ برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے گلبہار پارک، اعجاز آباد پارک اور امین کالونی پشاور میں افتتاحی تقریب کے بعد اپنے حلقہ نیابت میں جاری ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا اور عوام سے بھی ملے۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے واٹر فلٹریشن منصوبے کے حوالے سے میونسپل تعاون فراہم کرنے پر مسلم ہینڈز کے ریجنل ڈائریکٹر رحیم اللہ، انتظامیہ اور معاونین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عوام دوست عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت تمام فلاحی، غیر سرکاری، نیم سرکاری تنظیموں کے ساتھ مل کر تبدیلی کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائی گی۔