کوئٹہ۔ 25 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرپشین منصور احمد قاضی نے کہا ہے کہ عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کا مناسب اور بروقت حل اولین ترجیحات کا حصہ ہے،اسی ضمن میں سرکاری اداروں کے آفسران و ملازمین کو بھی عوامی خدمت اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے موثر اقدامات کرنے کے پابند بنائے گئے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع کے قبائلی و سیاسی عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمعززین علاقہ اور سرکردہ مالکان نے اجتماعی اور انفرادی مسائل سے ڈپٹی کمشنر کوتفصیلاً آگاہ کیا جن میں زیادہ تر مسائل تعلیم،صحت،بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ،سڑکوں کی تعمیر و مرمت،سوئی گیس اور لائیو سٹاک کے شعبوں سے متعلق تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہم لوگ عوام کے خادم ہیں اور انشاء اللہ جن مسائل کا حل ان کے دائرہ کار میں ہیں وہ فوراً حل کردیے جائیں گےجبکہ دیگر مسائل کو متعلقہ محکموں کے سپرد کیاجائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگر علاقے کے قبائلی عمائدین انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر مضبوط روابط قائم رکھیں گے،تو تمام علاقوں میں یکساں ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکتا ہے،اور انشا اللہ بہت جلد آپ لوگ خود بھی تبدیلی محسوس کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی عمائدین اپنے علاقے کے مسائل جرگوں کے ذریعے حل کرنے میں کردار ادا کریں،کیونکہ لوگوں کے مسائل کا ان کی دہلیز پر حل ان کی ترجیح ہے ۔انہوں نے قبائلی عمائدین کو بتایا کہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں معیار ومقدار کی کڑی نگرانی کرنے کا کام تفویض کیا گیا ہے اور وہ اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی ارسال کرتے ہیں۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر منصور قاضی نے انتظامیہ اور قبائلی عمائدین کی مشترکہ کاوشوں کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ
آئندہ بھی قبائلی معتبرین کے ساتھ مشاورت کو ترجیح دی جائے گی اور انہیں عوامی مشکلات و مسائل کے بابت اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ مسائل کے مشترکہ حل میں مدد مل سکے۔