ملتان ۔ 02 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرملتان وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے باقاعدگی سے ریونیو اوپن کچہریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رضا ہال میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کرتے ہوئے کیا۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدلسمیع شیخ ،اسسٹنٹ کمشنر صدر زاہد اقبال سمیت ضلعی افسران شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے شہریوں کی درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کئے۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ عوام کو فرد ملکیت ،ریکارڈ درستگی سمیت اراضی انتقالات کی موقع پر سہولت فراہم کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کا عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے خصوصی فوکس ہے۔ ریونیو عوامی خدمت کچہری کا مقصد عوامی مسائل کی فوری شنوائی ہے۔وسیم حامد سندھو نے مزید کہا کہ ہر ماہ کے آغاز میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604363