عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے اور ان فیصلوں پر حکومت کا ساتھ دینا ہو گا،وسیم مختار

147
عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے اور ان فیصلوں پر حکومت کا ساتھ دینا ہو گا،وسیم مختار
عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے اور ان فیصلوں پر حکومت کا ساتھ دینا ہو گا،وسیم مختار

لاہور۔16ستمبر (اے پی پی):چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے کہا ہے کہ عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے اور عوام کو بھی ان فیصلوں پر حکومت کا ساتھ دینا ہو گا، توانائی کے شعبے میں فری مارکیٹ لا رہے ہیں، یہ صارفین پر منحصر ہو گا کہ وہ کس کمپنی سے بجلی خریدنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ایکسپو سینٹر لاہور میں انرجی کانفرنس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وسیم مختار نے کہا کہ دنیا بھر میں فری مارکیٹ کا تصور ہے، ہمیں بھی اپنے طور طریقے بدلنا ہوں گے، فری مارکیٹ کے تحت صارفین اپنی من پسند کمپنی سے بجلی خرید سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت بجلی کی پیداواری صلاحیت 48ہزار میگاواٹ ہے۔ چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ اوور بلنگ کی روک تھام کے لیے کمیٹی بنا دی ہے اور اوور بلنگ کے حوالے سے نیپرا ایکشن لے رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وسیم مختار کا کہنا تھا کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ عوامی سماعت کے بعد ہوتا ہے، نیپرا کوشش کرتی ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ بند کمرے میں نہیں کیا جاتا۔چیئرمین نے مزید کہا کہ بجلی چوروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ ہمیں کچھ تلخ فیصلے کرنا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کو روکنے کیلئے بجلی چوروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔