پشاور۔ 26 اگست (اے پی پی):محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا صوبے میں سیاحتی عوامی فلاح و بہبود کے لئے کام جاری رکھتے ہوئے عوام کو سیاحتی مقامات پر بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا حکام کے مطابق عوام کے لئے مزید سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پوڈز لگانے کیلئے اقدامات جا ری ہیں جبکہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مختلف پراجیکٹس جلد مکمل کرنے کیلئے مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے، پاکستان کا شمار دنیا کے بہترین سیاحتی ممالک میں ہوتا ہے۔
خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے ترجمان سعد بن اویس نے میڈیا کو بتایا کہ جو شکایتیں موصول ہوتی ہیں، ان کو حل کرنے کے لیے اسی وقت اقدامات کیے جاتے ہیں۔ سڑکوں، ہوٹلوں اور سیاحوں کو ہراساں کرنے سے متعلق شکایات متعلقہ کال سنٹر سے ٹورازم پولیس کو موصول ہوتی ہیں جن پر فوری عمل درآمد کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مسئلہ اگر پھر بھی حل نہ ہو تو ضلعی انتظامیہ یا پھر پولیس کو آگاہ کیا جاتا ہے۔
ترجمان ٹورازم اتھارٹی کے مطابق، ٹورازم پولیس کو اس مقصد کے لیے خصوصی تربیت دی گئی ہے تاکہ یہ شکایات بہتر طریقے سے حل ہو سکیں۔ سعد بن اویس نے بتایا کہ چترال، دیر، کاغان اور سوات میں سڑکوں کی بندش کا مسئلہ رہا ہے تاہم سیاحوں کو ہراساں کرنے کے واقعات کی تعداد نمایاں طور پر کم تھی۔
انہوں نے بتایا اسی طرح ہوٹلوں کی جانب سے زیادہ کرایہ لینے کی شکایات ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کے باعث ہوٹل انتظامیہ بھی تعاون کر رہی ہے۔ٹورسٹ گایئڈز کا کہنا ہے کہ بہت سے سیاحوں کو ٹورازم ہیلپ لائن سے متعلق آگاہی نہیں ہوتی۔
اس لیے زیادہ تر شکایات درج نہیں ہو پاتیں۔انہوں نے کہا کہ کاغان اور مالم جبہ میں ہوٹل انتظامیہ کے رویے اور زیادہ پیسوں کی وصولی کی شکایات وصول ہوئیں۔ اسی طرح سیاحوں کو لوٹنے کے واقعات بھی پیش آئے جن کے خلاف کارروائی بھی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاحوں کو اگر کوئی تکلیف ہوتی ہے تو وہ دوبارہ ان علاقوں کا رخ نہیں کرتے جس سے سیاحت کو نقصان پہنچتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=382708