عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے،نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب

215
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کینٹ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کینٹ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا

ملتان۔ 16 نومبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نےکہا ہے کہ حکومت پنجاب صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سی پی ای انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور چلڈرن ہسپتال کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب نےسی پی ای انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کی تیمارداری کی اوران سے طبی سہولیات کی فراہمی بارے دریافت کیا۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خصو صی توجہ دے رہی ہے،ڈاکٹرز، نرسزاوردیگر سٹاف کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا، مریضوں کو ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔نگران صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا ۔

نگران صوبائی وزیر صحت کو انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بعد ازاں نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب نے چلڈرن ہسپتال ملتان کا دورہ کیا ۔نگران صوبائی وزیر صحت نےمختلف وارڈزمیں جاکر مریض بچوں کی عیادت کی اورلواحقین سے طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔

صوبائی وزیر صحت نے چلڈرن ہسپتال کے ایم ایس کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں میں معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کی بہتری کیلئے بھرپوراقدامات کیے جا رہے ہیں،حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں بھرپوراقدامات کررہی ہے۔