حیدرآباد۔ 10 دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول اسپتال سانگهڑ میں بچوں کی انتہائی نگہداشت اور ہیموفیلیا وارڈ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ، پیپلز پارٹی کے رہنما راجیش کمار ہرداساي، رانا راشد اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سول سرجن ڈاکٹر آفتاب سریوال نے بتایا کہ چند ماہ قبل بچوں کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس میں 10 بچوں کی جگہ موجود ہے، جبکہ وارڈ میں 2 انکیوبیٹرز بھی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیموفیلیا کا علاج انتہائی مہنگا ہے، اس لئے سول ہسپتال میں ہیموفیلیا وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں ہیموفیلیا کی سکریننگ اور انجیکشن کی سہولت موجود ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وارڈ میں اب تک 130 مریضوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔ شازیہ عطا مری نے سول ہسپتال انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ اور سول ہسپتال کی جانب سے ایسے وارڈز کا قیام ایک بہترین اقدام ہے، جس سے ریفرل کیسز میں کمی آئی ہے اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم ہو رہی ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے ڈائلاسز وارڈ کا بھی دورہ کیا جہاں ڈاکٹر سائرہ نے انہیں علاج معالجہ کے بارے بریفنگ دی۔