عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ طبی عملے کی فلاح کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں، ڈاکٹر جمال ناصر

137
Provincial Minister Dr. Jamal Nasir

راولپنڈی۔21فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ طبی عملے کی فلاح کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راولپنڈی جسے اب راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال کہتے ہیں ،میں نرسنگ ہاسٹل اور کالج آف نرسنگ کی تزئین و آرائش کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نرسنگ ہاسٹل اور کالج آف نرسنگ کی تزئین و آرائش کے سنگ بنیاد کے موقع پر کیا۔ نرسنگ ہاسٹل و کالج کی تزئین و آرائش پر تقریباًساڑھے7.25 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد عمر، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی ڈاکٹر فرزانہ سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ طبی عملے کی فلاح کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ہاسپٹل میں نرسنگ ہاسٹل اور کالج آف نرسنگ کی تزئین و آرائش کا کام شروع کیا جا چکا ہے اور چھ ماہ میں کالج آف نرسنگ و ہاسٹل کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ ہسپتال میں صحت کی معیاری سہولیات میسر ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جدید طرز پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے عملی اقدامات کئے گئے ہیں۔