عوام کو صفائی کی معیاری سہولیات فراہم کرنا وزیراعلیٰ کا ویژن ہے، صوبائی وزیر بلدیات

104

لاہور۔2جنوری (اے پی پی):وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں قائم ستھرا پنجاب کنٹرول روم میں اجلاس منعقد ہوا،ترجمان کے مطابق سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری ماریہ طارق اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی،اس موقع پر سی ای اوز نے اب تک کی کارکردگی اور شکایات کے ازالے پر پریزینٹیشن دی جبکہ وزیر بلدیات نے درکار ہیومن ریسورس کی بھرتی کیلئے ہدایات جاری کیں،وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنٹریکٹرز کی موبلائزیشن اور مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے، کنٹریکٹرز 3 ماہ میں مشینری اور انسانی وسائل کے چیلنجز ٹھیک کر لیں، انہوں نے کہا کہ باقاعدگی سے ڈیٹا صوبائی کنٹرول روم کو بھجوایا جائے،

دیہات میں یونین کونسلز کی سطح پر مانیٹرنگ ہونی چاہیئے، ذیشان رفیق نے سی ای اوز کو ہدایت کہ فیلڈ سٹاف کی حاضری آن سپاٹ چیک کی جائے، اگلے مرحلے میں بلنگ کا میکانزم بنایا جائے گا،عوام کو صفائی کی معیاری سہولیات فراہم کرنا وزیراعلیٰ مریم نواز کا ویژن ہے، وزیراعلیٰ کے اہداف میں کوئی ابہام نہیں، ہر صورت میں حاصل کریں گے، ذیشان رفیق نے کہا کہ عوام کی شکایات کا بروقت ازالہ نہ ہونے پر ایکشن لیا جائے، تحصیل سطح پر سیٹ اپ بنانے کا مقصد موثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، وزیر بلدیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ درپیش چیلنجز کا ٹیم ورک کے ساتھ سامنا کریں گے، عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے آخری حد تک جائیں گے،

گلی محلوں میں صفائی کافی نہیں، خالی مقامات پر سے بھی کوڑا اٹھایا جائے، کمرشل ایریاز کی صفائی کی الگ حکمت عملی بنائی جائے، وزیر بلدیات نے کمرشل ایریاز میں صفائی کیلئے سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہائی ویز کو نظرانداز نہ کیا جائے، وہاں میکینکل سویپنگ کی جائے، انہوں نے کہا کہ صفائی کے فوائد پر شہریوں میں آگاہی مہم بھی چلائیں،اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ہدایت کی کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز اور مانیٹرنگ ٹیمیں باقاعدگی کے ساتھ فیلڈ کے دورے کریں،کنٹریکٹرز کے ساتھ ہر ممکن تعاون اورآپس میں تجربات بھی شیئر کریں۔