کوئٹہ۔ 06 دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران نے بارکھان اور موسیٰ خیل کی ضلعی انتظامیہ کوبہتر کارکردگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ کارکردگی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلعی انتظامی حکام کو تعریفی اسناد سے نوازا جا ئے گا جبکہ مطلوبہ کارکردگی نہ دکھانے والے حکام کوجواب بھی دینا پڑےگا۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کا مطالبہ عوام کی بہتری اور فلاح کیلئے ہے ، ضلع کے عوام نے اکثریت دے کر ہم پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے
عوام کی توقعات کے مطابق ضلع کے تمام اداروں اور محکموں نے خدمات کی فراہمی یقینی بنانی ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر کھلی کچہریوں کا انعقاد زیادہ کرنے ، تجاوزات کے خاتمے اور اشیاءخوردنوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا کہ مذکورہ امور کی انجام دہی میں کسی کا دباؤ قبول نہ کیا جائے ، وہ ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے اور کارکردگی کو خود مانیٹر کریں گے۔