عوام کی خدمت کیلئے مریم نواز کی قیادت میں کام کریں گے، عظمی بخاری

108
Maryam Nawaz
Maryam Nawaz

لاہور۔26فروری (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کو مریم نواز شریف کی صورت میں اچھا چیف ایگزیکٹیو ملنے جا رہا ہے۔ عوام کی خدمت کیلئے مریم نواز کی قیادت میں کام کریں گے۔ عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، مہنگائی کم اور روزگار فراہم کرنا ہمارا منشور ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ آج پنجاب کی تاریخ کا اہم دن ہے،ہمارے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہوگا،جن لوگوں نے9 مئی کا واقعہ کیا وہ سیاسی قیدی نہیں،مال غنیمت سمیٹنے، کور کمانڈر ہائوس جلانے والوں کو معاف کرنے کی قانون میں گنجائش نہیں،9 مئی واقعات میں ملوث افراد کو کوئی بھی معاف نہیں کرے گا۔عظمی بخاری نے کہا کہ ہم نے کبھی اسمبلی میں اقدار کی پامالی نہیں کی،ہمیں اپنا تحفظ اور جواب دینا اچھے طریقے سے آتا ہے،وزیر اعلی کی تضحیک کی جائے گی تو جواب دیں گے،مریم نواز کی قیادت میں تیزاب گردی کے واقعات ختم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز روایتی وزیراعلی نہیں ہوں گی،ان کی سوچ مختلف ہے،آپ کو کام ہوتا نظر آئے گا، مریم نواز عام آدمی کی زندگی میں بہتری لائیں گی،ہم نے ہمیشہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کی ہے،ایوان کا تقدس سب کی ذمے داری ہے،26 فروری پاکستان اور پنجاب کے لیے اہم دن ہے،ایوان سے منتخب ہونے کے بعد مریم نواز روڈ میپ دیں گی۔

عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز رمضان پیکیج کا اعلان کریں گی،ہم روز کہہ رہے ہیں کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں،ہم نے کبھی ڈپٹی سپیکر کے بال نہیں نوچے،نہ دھینگا مشتی کی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہماری ریڈ لائن ہیں،کوئی بدتمیزی کرے گا تو ہمیں سیلف ڈیفنس اور تحفظ کرنا آتا ہے، کسی وزیرِاعلی نے ہائوس کو وقت نہیں دیا،ہماری وزیرِ اعلی ہر فورم پر نظر آئیں گی۔عظمی بخاری نے کہا کہ حمزہ شہباز قومی اسمبلی جا رہے ہیں،وہ وہاں حلف لیں گے۔