اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے عوام کی صحت اور جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے،نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس میں صوبوں کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے مشترکہ طور پر جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے، خوفزدہ ہونے کی بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کر کے وائرس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ہفتہ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز نے اس وبا سے نمٹنے کے لئے این سی سی کے اجلاس میں موثر سفارشات اور تجاویز پیش کی ہیں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے آگاہی ایک بہترین ذریعہ اور حل ہے جبکہ وزارت اطلاعات اس سلسلے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے عوامی سطح پر آگاہی مہم چلائے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ کورونا وائرس سے خوفزدہ نہ ہوں بلکہ اس کے خلاف لڑیں اور ملک سے اس وائرس کو ختم کرنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔