عوام کی فلاح وبہبود کیلئے پائیدار منصوبوں کا جال بچھایاجائے گا، صوبائی وزیر صحت

8

کوئٹہ۔ 19 جون (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہاہے کہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے پائیدار منصوبوں کا جال بچھایاجائے گا، تعمیراتی منصوبوں کے معیار میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ،ہنہ اوڑک ،نواں کلی ،سرہ غوڑگئی اورگردونواح میں تعلیم ،صحت ،انفراسٹرکچر ،پینے کا صاف پانی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز شیخ ماندہ کلی میاں خیل آباد میں بلیک ٹاپ روڈ کے تعمیراتی کام کے معائنے اور حاجی خروٹی کے گھر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما وصوبائی وزیرصحت بخت محمدکاکڑ نے شیخ ماندہ کلی میانخیل آباد میں بلیک ٹاپ روڈ کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے کے لیے تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کے موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے صوبائی وزیر بخت محمدکاکڑ کو منصوبے کی تکمیل اور معیار سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو پائیدار ، معیاری ، بروقت مکمل اور کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اورکہاکہ مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ تعلیم ، صحت ، انفراسٹرکچر، پینے کا صاف پانی ، روزگار ترجیحات میں شامل ہیں ۔ کھوکھلے نعروں پر نہیں بلکہ خدمت پر یقین رکھتے ہیں ۔عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے۔ ہمارا کام صرف کاغذات میں نہیں بلکہ گرانڈ پر نظر آئیں گے۔ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ، معیار اور بروقت تکمیل پر سمجھوتہ ہرگز نہیں ہوگا ۔