عوام کی معاشی اور معاشرتی آسودگی کے لئے نوجوان تمام فلاحی، سیاسی اور معاشرتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں ،گورنر بلوچستان

142

کوئٹہ۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ عوام کی معاشی اور معاشرتی آسودگی کے لئے نوجوان تمام فلاحی، سیاسی اور معاشرتی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں ، ہماری اجتماعی تعمیر و ترقی کیلئے نوجوانوں کی فعال شرکت بہت ضروری ہے، نوجوان معاشرہ کو جمہوری حقوق اور اقدار سے آگاہ کریں تاکہ جامع شرکت اور شفاف فیصلہ سازی کو یقینی بنانے کیلئے راہ ہموار ہو سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری سجاد ریئسانی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہر معاشرہ میں نوجوانوں کی آواز بڑی اہمیت رکھتی ہے اور ان کے کردار و عمل اپنے اثرات چھوڑ جاتے ہیں لہٰذا آپ عوامی مسائل و مشکلات کے پائیدار حل کیلئے مربوط روابط و تعلقات بڑھا کر اپنے حصے کا کردار ادا کریں، گورنر نے کہا کہ ایک ساتھ ملکر ہم عظمت حاصل کر سکتے ہیں اور ایک ایسے صحتمند سماج کی تشکیل کر سکتے ہیں جو سب کیلئے منصفانہ، مساوی اور خوشحال ہو۔