عوام کی کثیر تعداد محمد نواز شریف کی ریلی میں شرکت کر رہی ہے ، چوہدری برجیس طاہر

83

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام کی کثیر تعداد محمد نواز شریف کی ریلی میں شرکت کر رہی ہے اور جیسے جیسے یہ ریلی لاہور کی جانب بڑھ رہی ہے اس کی تعداد میں بھرپور اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں کی ریلی میں شرکت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ محمد نواز شریف ہی پاکستان کے عوام کے حقیقی سیاسی رہنما ہیں جن کے ساتھ پاکستان کی آنے والی نسلوں کی ترقی و خوشحالی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے اپنے ہر دور اقتدار میں قومی سوچ کی عکاسی کرتے ہوئے پورے ملک میں ترقی و خوشحالی کے منصوبے لگائے اور محمد نواز شریف کا حالیہ چار سالہ دور حکومت بھی اس امر کی واضح عکاسی کر رہا ہے کہ محمد نواز شریف نے قومی سوچ کا ثبوت دیتے ہوئے سب سے زیادہ ترقیاتی کاموں کی توجہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں پر دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ محمد نواز شریف جیسے دور اندیش سیاسی رہنما کی ہی خصوصیت ہے کہ جنہوں نے پاکستان کو معاشی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانے کے لیے چین کے تعاون سے60 ارب ڈالرکی مالیت کا پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ شروع کیا اور اس کا سہرا پاکستان کے پسماندہ علاقوں گلگت بلتستان اور بلوچستان کے سر پر سجایا جس کےلئے وہاں کے عوام محمد نواز شریف کے بے حد ممنون ہیں۔