کوئٹہ۔ 23 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیر صدارت امن و امان اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیویز فورس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ضلع میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا اور سکیورٹی کے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام ادارے باہمی تعاون سے امن کے قیام کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔
انہوں نے لیویز فورس کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے اور چیک پوسٹوں پر اہلکار خوش اخلاقی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے تاکید کی کہ عوامی خدمت کے جذبے سے کام کیا جائے اور دوران سفر شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے ڈپٹی کمشنر نے چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مؤثر کارروائی کی ہدایت دی اور کہا کہ شدت پسندی کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لیویز فورس کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586721