عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کریں گے ، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

87

اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک میں صحیح معنوں میں گڈ گورننس کو یقینی بنانے کیلئے ہمیشہ متعلقہ عہدیداروں یا کمیٹیوں کے ارکان سے مستقل رابطے میں رہتے ہیں تاکہ جو کام یا ذمہ داریاں انہیں سونپی گئی ہیں اس بارے میں اپ ڈیٹ اور پیشرفت حاصل کریں، وزیر اعظم عمران خان نے بیوروکریسی میں متعلقہ عہدیداروں کی سیاسی وابستگی کو دیکھے بغیر میرٹ پر تمام ترقیاں دیں کیونکہ یہ سب ریاست کے ملازم ہیں۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرسودہ نظام میں تبدیلی لانا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی اولین ترجیح ہے تاہم مالی رکاوٹوں، کورونا وائرس اور پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت کے ساتھ تناﺅ کے باعث چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ عوام کی پی ٹی آئی حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے تو سوالات اٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نظام میں حقیقی اور بنیادی تبدیلی لانے کے لئے ہمیں سیاسی تقسیم سے بالاتر ہوکر پارلیمانی سطح پر اجتماعی طور پر اس کا حل نکالنا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ بھارت پاکستان سے رابطے قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن پاکستان نے اس پر واضح کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں وحشیانہ مظالم اور کشمیریوں کے خلاف کالے قوانین ختم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس اصول پر یقین رکھتے ہیں کہ ہمیں اپنے قومی مقصد کو پہلے رکھنا ہو گا، پھر دوست ممالک کی طرف دیکھنا ہو گا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ خیببر پختونخوا میں پولیس کلچر میں بہتری لائے تو سب نے تعریف کی، اب پنجاب پولیس کو خیبرپختونخوا کی طرح ماڈل ادارہ بنانے کے لئے اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ پی ٹی آئی حکومت عوام کے ساتھ اپنے وعدوں کے مطابق یہ بڑے کام سرانجام دے گی۔