عوام کے ووٹوں سے آ نے والوں کو ان کی فکر ہوتی ہے،ملک کےخلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں اور این آر او نہیں ملتے، وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری

141
Provincial Minister of Information

لاہور۔8جنوری (اے پی پی):وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں اور این آر او نہیں ملتے، عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آ نے والوں کو عوام کی فکر ہوتی ہے،9مئی اور 26نومبر کی ناکام بغاوتیں نوجوانوں کی برین واشنگ کا نتیجہ ہے۔

بدھ کے روز جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز قوم کے بچوں کو الیکٹرک بائیکس کے بعد سکالرشپس دے رہی ہیں، وہ طلبا و طالبات کے ساتھ لاکھوں والدین سے دعائیں وصول کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ وزیر اعلیٰ کی کارکردگی سے مقابلہ نہیں کرسکتے وہ ان پر کیچڑ اچھالنے میں لگے ہیں،مریم نواز کےخلاف 2014 سے گھٹیا مہم چل رہی ہے لیکن وہ ہر گزرتے دن مقبول اور طاقتور ہورہی ہیں۔

عظمٰی بخاری نے کہا کہ جو عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آتے ہیں انہی کو عوام کی فکر ہوتی ہے لیکن جو چور دروازوں سے اقتدار پر قابض ہوتے ہیں وہ قوم کے بچوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم اور غلیلیں تھماتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص جماعت نے نوجوانوں کی برین واشنگ کی،9مئی اور 26نومبر کی ناکام بغاوتیں نوجوانوں کی برین واشنگ کا نتیجہ ہے، اب نوجوانوں کو خود فیصلہ کرنا ہے کہ ان کو اپنا روشن مستقبل چاہیے یا منفی سوچ والے شخص کی اقتدار کی ہوس کا ایندھن بننا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر شاہی حکم کو حرف آخر قرار دیتے تھے آج ان کو آئین اور قانون کی باتیں کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں اور این آر او نہیں ملتے۔