23.8 C
Islamabad
اتوار, اپریل 6, 2025
ہومقومی خبریںعہد ساز قوال غلام فرید صابری کی برسی ہفتہ کو منائی گئی

عہد ساز قوال غلام فرید صابری کی برسی ہفتہ کو منائی گئی

- Advertisement -

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):معروف قوال حاجی غلام فرید صابری کی برسی ہفتہ 5 اپریل کو منائی گئی۔قوالی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اورعہد ساز شخصیت غلام فرید صابری کا گایا ہوا کلام آج بھی سننے والوں پر وجد طاری کردیتا ہے۔غلام فرید صابری 1930 میں مشرقی پنجاب بھارت میں پیدا ہوئے۔انہیں بچپن سے ہی قوالی گانے کا شوق تھا اور انہوں نے قوالی کی باقاعدہ تربیت اپنے والد عنایت صابری سے حاصل کی۔ 70 اور 80 کی دہائی ان کے عروج کا سنہری دور تھا، انھوں نے’’بھر دو جھولی میری یا محمد‘‘ گا کر دنیا بھر میں اپنے فن کا لوہا منویا۔

قوالی کے فن ميں یکتا حاجی غلام فرید صابری نے 1946 میں پہلی دفعہ مبارک شاہ کے عرس پر ہزاروں لوگوں کے سامنے قوالی گائی، جہاں ان کے انداز کو بے پناہ سراہا گیا۔ غلام فريد صابری نعتیہ قوالی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے، جب آپ محفل سماع سجاتے تو سننے والوں پر سحر طاری ہوجاتا۔غلام فرید صابری اور ان کے بھائی مقبول صابری کی جوڑی کا کوئی ہم پلہ نہ تھا۔

- Advertisement -

دنیا بھر ميں ان کے قوالی کے مداح ان کی محفل سماع کے منتظر رہتے تھے۔ ان کی قوالياں پاکستانی اور بھارتی فلموں میں بھی شامل کی گئیں ۔ حاجی غلام فرید صابری 5 اپریل 1994ء کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے لیکن ان کا فن موسیقی کےشائقین کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے۔غلام فرید صابری کی قوالیوں میں تاجدارِحرم، بھردو جھولی،سرِلامکاں سے طلب ہوئی، ملتا ہے کیا نماز میں مشہورِ زمانہ رہی ہیں۔ ان کی برسی کے موقع پر شو بز انڈسٹری، گلوکار برادری اور شائقین کی جانب سے حاجی غلام فرید صابری کی خدمات پر انہیں پھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578664

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں