اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کا یہ مبارک موقع ہمیں قربانی، بے لوثی ، دوسروں کے لئے ایثار اور ہمدردی کے گہرے جذبہ کی یاد دلاتا ہے،عید الاضحٰی حضرت ابراہیم علیہ السلام کے غیر متزلزل ایمان اور عقیدت کی یاد میں منائی جاتی ہے، جو اللہ کی اطاعت اور رضا کی خاطر اپنی سب سے عزیز ترین چیز قربان کرنے کے لیے تیار تھے۔
پرائم منسٹرز آفس یوتھ افیئرز ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق رانا مشہود احمد خان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم بھی اسی جذبہ سے کا م لیتے ہوئے عظیم تر بھلائی کے لیے قربانی دیتے ہوئے معاشرہ کے پسماندہ افراد کی مدد اور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس جذبے میں آئیے اپنے ان بھائیوں اور بہنوں ، خاص طور پر پسماندہ افراد کو یاد رکھیں جو مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جیسا کہ ہم اپنے خاندانوں کے ساتھ عیدالاضحٰی منا رہے ہیں آئیے ہم ضرورت مندوں اور مستحقین کی دل کھول کر مدد کریں ۔ ہماری ، چھوٹی اور بڑی قربانیاں، دوسروں کے لئے انتہائی مدد گار ثابت ہو تی ہیں۔دعا ہے کہ یہ عید ہماری قوم کے لیے امن، خوشحالی اور اتحاد و اتفاق لے کر آئے۔ آئیے ہمدردی، سخاوت اور یکجہتی کی اقدار کو برقرار رکھیں۔سب کو عید الاضحٰی مبارک ۔