مظفرگڑھ۔ 05 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ قراۃ العین میمن نے کہا ہے کہ امسال عید الاضحیٰ پرضلع بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔ یونین کونسل کی سطح پر جانوروں کے آلائشوں کے اکٹھا کیا جائے گا او راس کو آبادی سے دور تلف کیا جائے گا۔ ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیوں ، یونین کونسل اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے معاونت سے ایک منظم لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا اور شہریوں کو صفائی ستھرائی کی مثالی سروس فراہم کی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے عیدالاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کے انتظامات اور مویشی منڈیوں کے قیام کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ عرفان ہنجرا بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہو جائیں اور اپنا اپنا پلان 15 مئی تک بنا کر جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو قربانی کے جانوروں کی خرید کےلئے مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے قیام کے سلسلے میں متعلقہ محکموں سےمشاورت کی جائے اور پوائنٹس کی نشاندہی کی جائے ۔
آلائشوں کےلئے بیگز کی تیاری سمیت دیگر امور کو دیکھا جائے ، تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر اس سلسلے میں متعلقہ محکموں اور ویسٹ مینجمنٹ کی معاونت سے پلان تیار کریں گے اوراس کی مکمل نگرانی کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593024