عیدالاضحیٰ کا دن ہمیں حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی تسلیم و رضا کی یاد دلاتاہے،صدر ِمملکت آصف علی زرداری

161
President Asif Ali Zardari
President Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):صدر ِمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کا دن ہمیں حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی تسلیم و رضا کی یاد دلاتا ہے، اللہ تعالیٰ نے قربانی کے عمل کو امتِ محمدیہ ﷺ پر لازم قرار دیا ہے۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام میں صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے مبارک اور پُرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم ، عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالی کے نزدیک سب سے عظیم دن قربانی کا ہے، آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا چاہیے ،اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمانبرداری ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اخوت،ایثار،محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر ضرورت مند وں کی مدد کرے۔قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والے لوگوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں ،دعا گو ہوں کہ یہ بابرکت موقع عالم اسلام اور پاکستان کیلئے رحمتیں اور خوشیاں لائے۔