اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے عید الاضحی کی پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کایہ مبارک موقع ہمیں قربانی، بے لوثی ، دوسروں کے لئے ایثار اور ہمدردی کے گہرے جذبہ کی یاد دلاتا ہے۔
عید الاضحٰی حضرت ابراہیم علیہ السلام کے غیر متزلزل ایمان اور عقیدت کی یاد میں منائی جاتی ہے۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اس قربانی کی یاد میں معاشرہ کے پسماندہ افراد کی مدد اور تعاون کریں۔
ان بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھیں جو مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ضرورت مندوں اور مستحقین کی دل کھول کر مدد کریں ۔دعا ہے کہ یہ عید ہماری قوم کے لیے امن، خوشحالی اور اتحاد و اتفاق لے کر آئے۔