راولپنڈی۔15جون (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بلا تعطل پانی و سیوریج کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ، عید کے موقع پر فیلڈ سٹاف ڈیوٹی پر موجود ہو گا ۔یہ بات انہوں نے عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے بعد کہی اس موقع پر دیگر افسران بھی موجود تھے۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور ٹیوب ویل خراب ہونے کی صورت میں 24 گھنٹے میں بحالی کو ممکن بنایا جائے گا، اس سلسلے میں اضافی موٹروں اور پمپس کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیوریج سٹاف عید کے موقع پر اہم مساجد اور عید گاہوں کا دورہ کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سیوریج لائنیں صاف ہوں ، کوئی بھی گٹر ابل نہ رہا ہو اور کوئی بھی مین ہول ننگا نہ ہو۔
ایم ڈی واسا نے کہا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران واٹر سپلائی اور سیوریج کے افسران کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے جو واسا شکایات سیل کی مانیٹرنگ کریں گے اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں موقع پر موجود ہوں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قربانی کی آلائشیں نالوں میں نہ پھینکیں بلکہ آر ڈبلیو ایم سی کے ڈبوں میں ڈالیں تاکہ انہیں بآسانی تلف کیا جا سکے ۔
ایم ڈی واسا نے ڈائریکٹر ایڈمن محمد عمر فاروق کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عید کی چھٹیوں کے دوران فیلڈ کے سرپرائز وزٹ کریں، ٹیوب ویل آپریٹرز اور والو مینوں کی حاضری چیک کریں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی پر سخت ایکشن لیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں قریبی شکایت سینٹر پر تشریف لائیں یا واسا کے ٹال فری نمبر 1334 پر رابطہ کریں۔