اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر صفائی، صحت اور ماحولیاتی ذمہ داری کے کلچر کو فروغ دیں۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے پوری قوم کو عید کی مبارکباد دی۔سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ آج کے اس مبارک موقع پر میں آپ سب سے اپیل کرتی ہوں کہ فراخدلی، ہمدردی، ہم آہنگی اور ماحولیاتی ذمہ داری کے جذبے کو برقرار رکھیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس سال عید سے قبل ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، شدید بارشوں کے باعث کئی چھوٹے بڑے شہروں میں پانی کھڑا ہے،ہمارے ڈرین اور سیوریج سسٹم پہلے ہی بارشوں کے دباؤ میں ہیں، شہریوں سے گزارش ہے کہ قربانی صرف مخصوص اور مختص جگہوں پر کریں، گلیوں میں قربانی کرنے سے آلودگی بڑھے گی اور پانی کی نکاسی کا نظام متاثر ہوگا۔
انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی کھالیں اور انتڑیاں کھلی جگہوں اور گلیوں میں نہ پھینکیں۔ انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی احتیاط کر کے ہم نہ صرف اپنے اردگرد کی صفائی کو برقرار رکھ سکتے ہیں بلکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو بھی روک سکتے ہیں۔شیری رحمٰن نے کہا کہ لوگوں سے یہ بھی درخواست ہے کہ سیاحتی مقامات اور تفریحی سرگرمیوں کے دوران ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کے تھیلوں اور بوتلوں کے استعمال سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام کارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے لوگوں میں خوشیاں اور برکتیں بانٹیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ وہ ضرورت کے وقت غریبوں اور مستحق افراد کا خیال رکھیں، ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ یہ عید ہمیں بحیثیت قوم ایک دوسرے کے قریب لائے اور ہمارے اتحاد کے بندھن کو مضبوط کرے۔