راولپنڈی۔1اپریل (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو بلا تعطل پانی و سیوریج کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ ایم ڈی واسا عید کے دوسرے دن بھی فیلڈ میں موجود رہے اور بہترین کاکردگی پر عملے میں عیدی تقسیم کی۔ انہوں نے ٹیوب ویلوں سے پانی کے ڈسچارج اور واٹر ورکس کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت کے لیے عید پر فیلڈ اسٹاف ڈیوٹی پر موجود ہے اور عید الفطر کے موقع پر پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو راول ڈیم، خان پور ڈیم اور ٹیوب ویلوں کے ذریعے پانی سپلائی کیا جا رہا ہے جبکہ پانی کی قلت والے علاقوں کو واٹر باوزر سے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔
ایم ڈی واسا نے کہا کہ سیوریج سسٹم کو فنکشنل رکھنے کے لیے عملہ و مشینری موجود ہے۔ ٹیوب ویل خراب ہونے کی صورت میں فوری بحالی کے لیے رپیئر ٹیمیں الرٹ ہیں۔ انہوں نے کہا عید کے دن خیابان سر سید کے علاقے میں آگ لگنے کے موقع پر واسا نے ریسکیو عملے کو پانی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا۔ شہری شکایت کی صورت قریبی واسا کے ٹال فری نمبر 1334 پر رابطہ کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577727