کوئٹہ۔ 30 مارچ (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے تمام امت مسلمہ کو عیدالفطر کی خوشیوں کی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ کہا عیدالفطر ایک اجتماعی خوشی کا دن ہے جس کا حقیقی جوہر مسلمانوں کے درمیان ایک عظیم اتحاد و اتفاق کا مظہر ہے ۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ غربت اور مہنگائی کی وجہ سے مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں اردگرد کے تمام مساکین اور مستحقین کی بھرپور مدد کرنا ہیں تاکہ کوئی غریب یا نادار خود کو تنہا محسوس نہ کرے ، بحیثیت انسان اور مسلمان ہم سب ایک ہی تانے بانے کا حصہ ہیں اور ہمارے انفرادی دھاگے درحقیقت ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں،ہم اپنے ہمسایوں اور اپنے ماتحتوں کے ساتھ حسن سلوک اور برابری کا سلوک کریں کیونکہ وہ ہماری مدد اور توجہ کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دین مبین اسلام ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ ہم ضرورت مندوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ایک منصفانہ اور مساویانہ معاشرہ تشکیل دیں ، پروردگار ہمیں اپنے سماجی بندھنوں کو مضبوط کرنے اور باہمی ربط و تعلق کے احساس کو مستحکم بنانے کی توفیق دے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577396