عیدالفطر کی تمام مسلمانوں، بالخصوص بلوچستان کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد ،دعا ہے کہ یہ عید ہم سب کے لیے خوشیوں، امن، محبت اور یکجہتی کا پیغام لے کر آئے، نوابزادہ جمال خان رئیسانی

106
Jamal Khan Raisani
Jamal Khan Raisani

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے راہنما ، ایم این اے نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پرتمام مسلمانوں، بالخصوص بلوچستان کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مبارک دن ہمیں اخوت، محبت، رواداری اور قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کا پیغام دیتا ہے، عید کی خوشیوں میں ہمیں اپنے اُن بہادر شہداء کو نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے وطن کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

میں ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں، اور میں انہیں قومی دھارے میں شامل ہونے، تعلیم، ترقی اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہونے کی تلقین کرتا ہوں۔ ہماری نوجوان نسل کی محنت، صلاحیت اور حب الوطنی ہی بلوچستان اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

انہوں نے حکومت اور ریاستی اداروں سے میرا پُرزور مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہمارے عوام خوشحالی، ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ یہ عید ہم سب کے لیے خوشیوں، امن، محبت اور یکجہتی کا پیغام لے کر آئے۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو!