اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر تمام اہلِ وطن اور عالمِ اسلام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عیدالفطر خوشی، رواداری اور یکجہتی کا درس دیتی ہے،
ہمیں چاہیے کہ ہم اس موقع پر اپنے غریب اور مستحق بھائیوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔بیرسٹر عقیل ملک نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت، خصوصاً قائد محمد نواز شریف اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کو درپیش چیلنجز کا جرات مندانہ مقابلہ کیا اور معاشی استحکام، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے مثالی اقدامات کیے۔
مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہی ہے اور ملک کو خوشحالی و استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس موقع پر ملکی اتحاد و یگانگت کے عزم کو دہرانا چاہیے اور تمام اختلافات کو بھلا کر پاکستان کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں اختلافات اپنی جگہ، لیکن ملک کی بہتری کے لیے ہم سب کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور مثبت طرزِ عمل اختیار کرنا ہوگا۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ عیدالفطر ہمیں ایثار، محبت اور سماجی ہم آہنگی کا درس دیتی ہے، اس موقع پر ہمیں اپنے شہداء کو بھی یاد رکھنا چاہیے، جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے اور ہمیں اپنے قومی و دینی فرائض ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577463