
لاہور۔17ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عیدمیلاد النبیؐ کے مبارک دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید میلاد النبیؐ پوری امت مسلمہ کیلئے خوشی کا پیغام ہے۔میلادالنبیؐ کے بابرکت موقع پر پوری امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ حضور نبی کریمﷺ کی ولادت ِباسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم اور مبارک ترین نعمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے نبیؐ کی محبت کا سب سے بڑا تقاضا یہ ہے کہ ہم علاقائی، مسلکی اور سیاسی اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کی روشنی میں حل کریں۔نبی پاکؐ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہی اور آخرت میں نجات کی ضمانت ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ نبی پاکؐ کی غریبوں کی مدد اور یتیموں کی داد رسی سے متعلق تعلیمات کوکبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ آج کا دن ہمیں نبی پاکؐ کی تعلیمات کلی طور پر اپنانے کا پیغام بھی دیتا ہے۔