لاہور۔18جون (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر صفائی اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کر نے پر صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ،ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ اور سکیورٹی ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور صفائی کے بہتر انتظامات و سہولیات فراہم کرنے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے بھر کی مساجد اور عید گاہوں میں پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ اور ان کے افسران کی جانب سے عید کے موقع پر عوام کو بہترین سروسز فراہم کی گئی۔ ویسٹ مینجمنٹ کے عملے نے وزیراعلی پنجاب کے ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا ، جانوروں کی الائشیں بروقت اٹھائی گئی اور سڑکوں کی دھلائی کی گئی ۔ عظمی بخاری نے کہا کہ عید کے تینوں روز ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ عوام کی خدمت کے لیے موجود رہے گا۔ پنجاب میں پہلی بار بکرا عید پر قربانی کے بعد سڑکوں کو دھویا گیا ہے
جو مریم نواز کے بہترین ایڈمنسٹریٹر ہونے کا ثبوت ہے ورنہ ہر بکرا عید پر قربانی کے بعد کئی شہروں میں جگہ جگہ الائشیں نظر آتی تھی لیکن اب صوبے بھر سے ایک بھی ایسی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز صوبے میں صفائی کے انتظامات کی خود نگرانی کررہی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=477328