عید الاضحیٰ پر ون ویلنگ و ہوائی فائرنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی،سی سی پی او لاہور

69
CCPO Lahore Bilal Siddique Kamiana
CCPO Lahore Bilal Siddique Kamiana

لاہور۔5جون (اے پی پی):لاہور پولیس نے عید الاضحیٰ کی آمد کے پیش نظرون ویلرز اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران رواں سال اب تک931ون ویلرز کو گرفتار کیا اور 821مقدمات درج کئے ہیں۔سی سی پی او لاہورکے مطابق ہوائی فائرنگ کے547ملزمان کو گرفتار اور 681مقد مات درج کئے گئے۔ اسلحہ کی نمائش کے27مقدمات جبکہ غیر قانونی اسلحہ کے3913مقدمات کا اندراج کیا گیا۔

ملزمان سے34کلاشنکوف، 229رائفلیں،149گنز،3510پستول اور18498گولیاں برآمد ہوئی۔سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ پر ون ویلنگ اورہوائی فائرنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس کے خصوصی سکواڈ تشکیل دئیے گئے ہیں۔ نوجوان ون ویلنگ اوربائیکس کی آلٹریشن سے اجتناب کریں بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں۔ ڈولفن سکواڈ و دیگر پٹرولنگ ٹیمیں بروقت رسپانس یقینی بنائیں۔ پبلک مقامات پر لیڈی پٹرولنگ سکواڈ خواتین اور بچوں میں احساسِ تحفظ اجاگر کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردا ر ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس عید الاضحیٰ پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے پوری طرح الرٹ ہے۔