عید الاضحی ٰکے دوسرے روز صاف اسلام آباد مشن مکمل کر لیا گیا، وزیرداخلہ محسن نقوی کاصاف ماحول یقینی بنانے پر اظہار اطمینان

221

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر عید الاضحی کے دوسرے روز صاف اسلام آباد مشن مکمل کر لیا گیا۔ سی ڈی اے، اسلام آباد پولیس اور سیف سٹی کا مشترکہ آپریشن ہوا جس میں اسلام آباد کو زیرو ویسٹ کر دیا گیا ہے۔ سی ڈی اے کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق عیدکےدوسرےروز45688 آلائشیں تلف کی گئیں جبکہ 757.767 ٹن ویسٹ تلف کیا گیا۔

مجموعی طور پر عید کے پہلے دو دن میں سی ڈی اے کے عملہ صفائی نے 144688آلائشیں اٹھا کر سائنٹفک بنیادوں پر تلف کیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے شہریوں کے لئے صاف ماحول یقینی بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور پوری ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ٹیم ورک کے ذریعےغیر معمولی محنت کرکے اسلام آباد کو زیرو ویسٹ کرنے پر تمام ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے ، انہوں نے سی ڈی اے کے متعلقہ افسران اور عملے کو شاباش بھی دی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ صفائی آپریشن میں اب تک 2507.676ٹن آلائشیں تلف کی جا چکی ہیں، عید کے دوسرے روز صفائی سے متعلق 45 شکایات مو صول ہوئیں جن کو بر وقت حل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سینیٹیشن ٹیمز نے گرین بیلٹس، کھلی جگہوں , نالوں اور جنگل ایریاز سمیت شہر بھر میں پیٹرولنگ کر کے صفائی کو یقینی بنایا۔ محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ اجتماعی قربان گا ہوں اور مارکیٹس سمیت دیگر جگہوں کو پانی سے دھویا گیا ہے، آلائشیں تلف کرنے کے ساتھ ساتھ شہرکی صفائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔