کوئٹہ۔ 30 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عید الفطر خوشیوں، رواداری اور اخوت کا تہوار ہے، جو ہمیں صبر، قربانی اور دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہونے کا درس دیتا ہے
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کی رحمتوں اور برکتوں کے بعد عید ہمیں ان اعلیٰ اقدار کی یاد دلاتی ہے جن پر اسلامی معاشرہ قائم ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس موقع پر مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیں۔
میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے عوام کی خوشحالی، ترقی اور امن کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے اور ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز، ڈاکٹروں، صحافیوں اور دیگر محکموں کے ان افراد کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو عید کے دوران اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے امید ظاہر کی کہ یہ عید سب کے لیے خوشیوں اور محبت کا پیغام لے کر آئے گی اور ہم سب کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا باعث بنے گی۔