لاہور۔31مارچ (اے پی پی):سابق وزیر اعلی پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر قوم اور عالمِ اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزوں کی تکمیل کے بعد عید ایثار، یگانگت اور تزکیہ نفس کا پیغام دیتی ہے۔
اپنے پیغام میں حمزہ شہباز نے کہا کہ عید الفطر کا دن شکرگزاری، اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے، جو ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے ملک کو درپیش دہشت گردی کے چیلنجز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام طبقات کو مشترکہ سوچ اپنانا ہوگی۔
حمزہ شہباز نے دعا کی کہ اللہ تعالی رمضان المبارک کے نیک اعمال کو قبول فرمائے اور ہمیں روزمرہ کی زندگی بھی اسی نظم و ضبط کے تحت گزارنے کی توفیق عطا کرے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577547