اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):ملک بھر میں عیدالفطر کے دوسرے روز منگل کو خوشیوں بھری عید تقریبات بڑے جوش و خروش کے ساتھ جاری رہیں، ہر جانب خاندانی اجتماعات، تفریحی مقامات کی سیر اور خوشی اور تشکر کی عمومی فضا قائم تھی۔
تفریحی مقامات، بشمول پارکس، چڑیا گھر اور دیگر مشہور پرکشش مقامات پر سیاحوں کا رش ہے ۔ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں شہری عید الفطر اپنے پیاروں کے ساتھ مناتے ہوئے خوشی اور تشکر کا اظہار کر رہے ہیں۔عید الفطر کی مناسبت سے اپنے جذبات کے اظہار کیلئے بہت سے لوگوں نے سوشل میڈیا کارخ کیا اور بعض اس کو خوشیی اور مل بیٹھنے کے دن کے طور پر بیان کیا ہے۔
بزرگ شہریوں نے عید الفطر کے موقع پرانسانی ہمدردی کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں غریب طبقات کی ہر ممکن مدد کرنی چاہئے۔ لاہور سے ایک شہری نے اپنے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ عید خوشی، محبت اور اتحاد کا دن ہے۔ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ جشن منانا بھی ایک نعمت ہے ۔ اسلام آباد سے ایک خاتون کا کہنا تھا کہ مسجد میں عید کی نماز خوبصورت تھی۔ اس خاص دن پر اپنی برادری کے ساتھ متحد ہونا بہت اچھا احساس ہے۔
اسی طرح کراچی سے ایک شہری نے کہا کہ مجھے عید پر جوش و خروش اور خوشی بہت پسند ہے۔ لذیذ کھا نوں سے لے کر نئے کپڑوں تک، یہ دن خوشگوار یادوں کا دن ہے۔ پشاور سے ڈاکٹر فرح نے کہا کہ عید صرف ایک جشن نہیں ہے، بلکہ ہمارے پاس جو کچھ ہے اس کے لیے شکر گزار ہونے اور ضرورت مندوں کو دینے کی یاد دہانی بھی ہے۔ لاہور جلو پارک کا دورہ کرنے والے ایک خاندان نے بتایا کہ ہم پارک میں بہت اچھا وقت گزار رہے ہیں۔
بچے جھولوں اور کھیلوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور ہم ایک ساتھ رہ کر خوش ہیں۔ اسلام آباد کے لیک ویو پارک میں آنے والے ایک مہمان نے کہاعید خاندان کے بارے میں ہے اور مل جل کر عید پر ایک دوسرے کی صحبت سے لطف اندوز ہونے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارک کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور یہاں ایک تہوار کا ماحول ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577686