عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی 90 روز کی خصوصی سزا معافی سے متعلق صوبوں کو مراسلہ جاری

104
Ministry of Interior
Ministry of Interior

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وزارت داخلہ نے عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی 90 روز کی خصوصی سزا معافی سے متعلق صوبوں کو مراسلہ جاری کردیا۔ ہفتہ کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزارت داخلہ نے خط پنجاب، سندھ، کے پی کے، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ تحریر کیا۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ صدر پاکستان کے اختیارات آرٹیکل 45 کے تحت ملک بھر کی جیلوں کے قیدیوں کو 90 روز تک کی سزا معافی دی جائے، 90 روز کی سزا معافی کی پالیسی کا اطلاق عمر قید کے ملزمان پر بھی ہوگا۔

سزا کا ایک تہائی حصہ مکمل کرنے والے 65 سال سے زائد مرد اور 60 سال سے زائد خاتون قیدیوں پر پالیسی کا اطلاق ہوگا۔ ایک تہائی سزا مکمل کرنے والے 18 سال سے کم عمر ملزمان پر بھی سزا معافی کا اطلاق ہو گا۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ملک سے غداری، ریاست مخالف اقدامات، فرقہ واریت کے ملزمان پر سزا معافی کا اطلاق نہیں ہوگا، مالی فراڈ اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والے مختلف جرائم میں قید ملزمان پر پالیسی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ وزارت داخلہ نے فوری طور پر سزا معافی کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔