عید تعطیلات کے دوران ٹریفک حادثات میں85 افراد جاں بحق ہوئے،ترجمان ریسکیو

125
Dr. Rizwan Naseer.
Dr. Rizwan Naseer.

لاہور۔3اپریل (اے پی پی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب میں عید تعطیلات کے دوران روڈ ٹریفک حادثات میں اضافے اور 85 قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز بشمول والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنے پیاروں کو روڈ سیفٹی اقدامات اختیار کرنے اور موٹر بائیک کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک محدود رکھنے کی ترغیب دیں، رفتار میں ہر کلومیٹر فی گھنٹہ اضافے کے ساتھ مہلک حادثے کا خطرہ 4 سے 6 فیصد بڑھ جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید آپریشنل جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ونگز کے سربراہان اور صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے ان ریسکیو اہلکاروں کی بھی تعریف کی جنہوں نے عید کی چھٹیوں کی قربانی دے کر پنجاب کے شہریوں کو بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکاروں نے عید تعطیلات کے دوران بھرپور عزم اور لگن کا مظاہرہ کیا اورچوبیس گھنٹے خدمات فراہم کرکے قیمتی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 ایمرجنسی ایمبولینس، ریسکیو اینڈ فائر سروسز اور موٹر بائیک ریسکیو سروس نے عید کی چھٹیوں کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع میں 29,132 ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس دیا۔

ویڈیو لنک اجلاس میں پنجاب کے ڈویژنل ایمرجنسی افسران نے عید کی تعطیلات میں ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافے کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ صوبائی مانیٹرنگ آفیسر (PMO) نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عید کی تعطیلات کے دوران پنجاب بھر کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 10 ہزار سے زائد ریسکیو اہلکاروں کو تین شفٹوں میں اسٹریٹجک مقامات پر تعینات کیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 نے عید کی چھٹیوں کے دوران پنجاب میں 29,132 ایمرجنسیز پر ریسپانڈکیا،جن میں 8,887 ٹریفک حادثات (85 اموات)، 16,831 میڈیکل ایمرجنسیز (666 اموات)، 641 جرائم سے متعلقہ واقعات، 501 آتشزدگی، 533 ڈلیوری کیسز، 648 گرنے و پھسلنے کے واقعات، 109 جانوروں کا ریسکیو اور 982 دیگر متفرق ایمرجنسیز شامل ہیں۔